pakistan latest updates jit 81

مریم نواز کا جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد کا حال – جانئیے پوری بات

پاکستان کے وزیرِاعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاناما معاملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد کہا ہے کہ اس تحقیقاتی ٹیم کے ارکان بھی نہیں جانتے کہ ان پر کیا الزامات ہیں۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے تک ان سے سوالات کیے گئے۔
اس پوچھ گچھ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ” وہ جے آئی ٹی کے تمام سوالات کے جوابات دے آئی ہیں اور انھوں نے آج ‘وہ قرض بھی اتار دیے ہیں جو مجھ پر واجب بھی نہیں تھے۔”
انھوں نے کہا کہ ‘جو کچھ مجھ سے پوچھا گیا میں نے اس کا جواب دیا۔ لیکن میں نے آخر میں جے آئی ٹی سے کہا کہ ایک سوال میرا بھی ہے کہ مجھے یہ بتائیے کہ ہم پہ الزام کیا ہے، ان کے پاس اس بات کا جواب نہیں تھا۔ دنیا بھر میں الزامات لگتے ہیں پھر تحقیقات ہوتی ہیں یہ پہلی جے آئی ٹی ہے جس کی تشکیل پہلے ہوئی اور وہ ابھی الزام ڈھونڈ رہی ہے۔”
مریم نواز نے کہا کہ اگرچہ پاناما کے معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور حکم نامے میں ان کا نام نہیں تھا لیکن وہ پاکستان کی بیٹی اور ملک میں برسراقتدار وزیر اعظم کی بیٹی ہونے کے حیثیت سے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئیں۔
پاناما پیپرز کے بعد ڈان لیکس کے معاملے میں بھی ان کا نام اچھالا گیا اور ان تمام سرگرمیوں کا بنیادی مقصد ان کے والد اور ملک کے وزیراعظم پر دباؤ ڈالنا تھا۔
‘اس کا مقصد ایک باپ کو بیٹی کے نام پر کمزور کرنا ہے۔ نواز شریف کی بیٹی کو اس کی کمزوری سمجھنے والے اسے اس کی طاقت پائیں گے۔’
مریم نواز نے مزید کہا کہ ‘ہم بھی استثنیٰ کا سہارا لے کر بچ سکتے تھے۔ مگر ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا۔ چھ ماہ سپریم کورٹ میں کیس چلا کچھ نہیں نکلا۔ جے آئی ٹی میں آ کر مجھے احساس ہوا کے ان کے پاس بھی کچھ نہیں ہے۔’
ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی کی تحقیقات کا محور ان کے خاندان کا دہائیوں قبل کا کاروبار ہے اور ‘پاکستان کے تمام ہی بڑے بڑے منصوبوں پر مسلم لیگ نواز کی مہر ہے مگر ان تمام منصوبوں میں ایک پائی کی بدعنوانی کا الزام نہیں لگا۔ رہی بات خاندانی کاروبار کی۔ ساٹھ یا ستر ، اسی کی دہائی میں خاندان کے کاروبار سے متعلق سوال ہو رہے ہیں۔ اس میں اگر عوامی پیسہ شامل ہو تو اس کا جواب دینا بنتا ہے۔ لیکن ذاتی کاروبار پر نہ تو سوال کیا جا سکتا ہے اور نہ اس کا جواب دینا ضروری ہے۔ ”
pakistan breaking updates
مریم نواز جب جے آئی ٹی میں پیشی کے لیے آئیں تو ان کے ہمراہ ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور بھائیوں حسن اور حسین نواز کے علاوہ وزیرِ مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی تھیں۔
پیشی کی مناسبت سے دارالحکومت اسلام آباد میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے اور پولیس نے ان کی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو راستے میں ہی روک لیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں