poribaat2747-2 245

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ایک بار پھر بلا مقابلہ پارٹی کے صدر منتخب- حقیقت جا نئیے

(پوری بات) اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ایک بار پھر بلا مقابلہ پارٹی کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل کیے جانے کے بعد نواز شریف نے یہ عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
تاہم گذشتہ روز پارلیمنٹ میں منظور کیے جانے والے انتخابی اصلاحات کے بل کی وجہ سے ان کے پارٹی صدر بننے کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہو گئی تھی۔
پیر کو نواز شریف جب کنونشن سنٹر پہنچے تو مسلم لیگ ن کے اراکین اور سینیئر رہنماؤں سمیت بھرے کنونشن سنٹر میں نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
نواز شریف کا اپنی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا ’آج کے دن ہم وہ قانون آمر مشرف کو لوٹا رہے ہیں جس نے نواز شریف کا راستہ بند کیا۔‘
انھوں نے اپنی جماعت کے کارکنوں اور رہنماؤں کو بھی اس اصول پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے کارکنوں کو انہیں واپس لانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی اور سب سے مقبول جماعت ہے۔ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ آپ جانتے ہیں کہ مجھے نااہل کرنے کی کیا وجہ ہے۔‘
’آپ نے دیکھا کہ جو ملک کو ایٹمی قوت بناتے ہیں ان کا کیا حال کیا جاتا ہے۔ اور پاناما پہ نہیں بلکہ اقامہ پہ وزیرِ اعظم کو نکال دیا جاتا ہے۔`
بل کی منظوری کے بعد صدر ممنون حسین نے اس پر دستخط کر کے اس کو قانون کی حیثیت دے دی تھی۔
حزب اختلاف کے مطابق حکومت نے بل میں یہ ترمیم صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے کی ہے جنھیں اس سال جولائی میں سپریم کورٹ نے پاناما کیس کے حوالے سے جاری مقدمے میں نا اہل قرار دے دیا تھا۔
تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ پاکستان الیکشن کمیشن نے پارٹی کے انتخابی نشان ‘شیر’ بھی بحال کر دیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں