president-of-china-tour-in-hong-kong 19

چین کے صدر شی جن ہانگ کانگ کے دورے پر– جانئیے پوری بات

چین کے صدر شی جن پنگ ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کرنے کے 20 برس مکمل ہونے پر تقریب میں شرکت کے لیے ہانگ کانگ کے دورے پر ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ نے بیس برس قبل ہانگ کانگ کو چین کے حوالے کیا تھا۔
شی جن پنگ کا 2013 میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہانگ کانگ کا یہ پہلا دورہ ہے تاہم یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب سیاسی ماحول تھوڑا کشیدہ ہے۔
چینی صدر اپنی اہلیہ پینگ لیونگ کے ساتھ تین دن کے دورے کے لیے شہر کے چیک لیپ کاک ایئر پورٹ پر اترے۔ مارچنگ بینڈ اور ہاتھوں میں پھول سجائے بچوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر انھوں نے اپنے مختصر سے بیان میں کہا کہ ہانگ کانگ ‘ہمیشہ میرے دل میں ہے۔’

ان کا کہنا تھا: ‘بیجنگ کی مرکزی حکومت ہانگ کانگ کی ہمیشہ سے ہی حامی رہی ہے اور اس کی معاشی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی زندگيوں کو بہتر بنانے کی ہمیشہ حمایت کرتی رہے گی۔’
انھوں نے مزید کہا: ‘بیجنگ ہانگ کانگ کے 20 سالہ غیر معمولی سفر کو برقرار رکھتے ہوئے سماج کے سبھی سیکٹرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ ‘ایک ملک دو نظام’ استحکام کے ساتھ جاری رہے۔’
بیجنگ نے اس وقت اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ وہ ہانگ کانگ پر ‘ایک ملک دو نظام’ کے تحت حکمرانی کرے گا۔ اس کے تحت شہر کا اپنا خاص قانونی نظام، محدود جمہوریت، مختلف سیاسی پارٹیوں، اسمبلی اور اظہار کی آزادی جیسے نکات کو تسلیم کیا گيا تھا۔
لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ہی چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کے پیش نظر ہانگ کانگ میں اس بات کی تشویش پائی جاتی ہے کہ کہیں بیجنگ کی مداخلت سے اس کی اپنی آزاد سیاست اور روایات کمزور نہ پڑ جائیں۔ بہت سے سیاسی کارکن زیادہ سیاسی اختیارات کے لیے مہم بھی چلاتے رہے ہیں۔
بیس برس کے مکمل ہونے پر کئی سرکاری تقریبات ہونی طے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی جمہوریت کے حامیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کی بھی کال دی گئی ہیں۔
صدر کی آمد سے پہلے ہی کئی ایسے کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انتظامیہ نے اسی کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں اور شہر کے بعض راستوں کو بلاک کر دیا گيا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں