raheel sharif latest news 49

” جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو رضاکارانہ طور پر واپس”

پاکستان کے سینیٹ کی خارجہ امور کے بارے میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی افواج کسی بھی ملک کے خلاف ہونے والی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گی۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت میں اسلامی ممالک کا اتحاد دہشت گردی کے خلاف بنایا گیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر کریم خواجہ نے مطالبہ کیا کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو رضاکارانہ طور پر واپس آ جانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر سعودی عرب اس طرح بھرتیاں کرے گا تو پھر اس کے مقابلے میں ایران بھی ایسا کرے گا جس سے علاقے میں جنگ کے خطرات ہر وقت موجود رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خلیجی بحران میں پاکستان کے کردار سے مطمئن نہیں ہیں۔
اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ایسے حالات میں راحیل شریف کو واپس بلانے سے پاک سعودی تعلقات خراب ہوں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ ملک کا 50 فیصد زرمبادلہ خلیجی ممالک سے آتا ہے اور ایسے اقدام سے پاکستان اتنے بڑے نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ قطر اور سعودی عرب کے تنازع پر پاکستان کو اپنی غیر جابنداری کو یقینی بنانا ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا رکھی ہے جس میں جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو اسلامی ممالک کی افواج کا سربراہ بنائے جانے کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر، سعودی تنازع میں غیرجانبداری کی پالیسی پر کار بند ہے- انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کی سعودی شاہ سلمان کے علاوہ امیر قطر سے بھی ٹیلی فون پر تنازع کے حل پر بات ہوئی ہے۔ مشیرِ خارجہ نے کہا کہ یمن سعودی تنازع پر پارلیمانی قرارداد موجودہ خلیجی بحران میں پاکستان کی پالیسی کا بنیادی نکتہ ہے۔ کمیٹی کے ارکان نے سفارش کی کہ پاکستان کو خلیجی بحران میں غیر جانبدار رہ کر مصالحتی کردار ادا کرے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں